بورخیس اورمیں: خورخے لوئیس بورخیس (ترجمہ: عاصم بخشی)

 In افسانہ, خورخے لوئیس بورخیس

یہ بورخیس ہے، یعنی وہ دوسرا جس کے ساتھ یہ واقعات پیش آتے ہیں۔ میں بیونس آئرس  سے گزرتے ہوئے ،شاید یونہی کسی   ڈیوڑھی یا    دروازے سے جھانکنے کے  لیے ٹھٹک کر رک جاتا ہوں ۔ بورخیس  مجھ تک  بذریعہ ڈاک پہنچتا ہے یا پھر  ادیبوں کی فہرست یاسوانحی لغت میں اس کا نام نظر آجاتا ہے۔میرا دائرۂ ذوق ریت گھڑیوں، نقشوں، سترہویں صدی کے رسم الخطوط،  اشتقاقیات، کافی کے ذائقے اور  اور رابرٹ لوئی اسٹیفن سن کی نثر تک پھیلا ہوا ہے۔ بورخیس ان ترجیحات  میں شریک تو ہے ، لیکن کم وبیش  ایک ایسی بے اثری سے جس کے باعث یہ ترجیحات کسی  اداکار  کا سازوسامان بن جاتی ہیں۔ہمارے اس رشتے کو معاندانہ  کہنا مبالغہ آرائی ہو گی—میں زندہ ہوں، خود کو زندہ  رہنے دیتا ہوں تاکہ  بورخیس اپنے ادب کی بُنت کاری  کر سکے  اور یہی ادب میرا جواز ہے۔ بلاحجت مانتا ہوں کہ اس نے متعدد   بہترین صفحات تحریر کیے ہیں  لیکن وہ سب مجھے نہ  بچا  پائیں گے ، غالباً اس  لیے کہ  ان کی خوبی اب کسی ایک فرد کی جاگیر نہیں ، نہ ہی ُاس دوسرے شخص کی ، بلکہ فی نفسہٖ زبان یا روایت کی  میراث ہے۔

اس سے آگے ایک ناگزیر او ر کامل  گمنامی  میرا مقدر ہے، اور اس  دوسرے شخص میں میری بس چند دھواں دھواں ساعتیں  ہی  بچیں گی۔میں ایک ایک کر کے ہر چیز اس کے حوالے کر رہا ہوں  حالانکہ    اس کی ہر شے مسخ کرنے اور بڑھانے چڑھانے کی  کج روی سے خوب واقف ہوں ۔اسپینوزا کا ماننا تھا کہ  سب چیزیں وہی بنے رہنا چاہتی ہیں جو کہ  وہ ہیں، پتھر ہمیشہ پتھر اور شیر ہمیشہ شیر ہی رہنا چاہتا ہے۔اگر میں واقعتاً کوئی ہوں  بھی تو خود میں نہیں بلکہ بورخیس میں باقی رہوں گا ، لیکن میں اپنا سراغ  اس کی کتابوں سے زیادہ  کئی دوسری کتابوں یا پھر کسی گٹار کی  یک آہنگ سُروں میں پاتا ہوں۔کئی سال گزرے میں نے اپنا آپ اس سے چھڑانے کی کوشش کی اور  کچی آبادیوں اور شہری مضافات  کے اساطیری افسانوں سے  آگے بڑھ کر  مسئلہ ٔزمان اور لامتناہیت  سے شغل کرنے لگا لیکن اب یہ سب مشاغل بورخیس کے  ہیں اور مجھے کہیں  اور دل لگانا پڑے گا۔تواب میری زندگی ایک  دعویٰ  جوابِ دعوٰی ،  موضوعاتی تکرار  سے بنی ایک طرح کی دھن، خلاؤں میں گرتے چلے جانے کی ایک کیفیت سی  ہے — اب سب کچھ مجھے کھویا کھویا محسوس ہوتا ہے، یا تو پنجہ ٔ  فراموشی یا پھر دوسرے انسانوں کے ہاتھ لگنے والا ہے۔

یقین سے نہیں کہا جا  سکتا کہ یہ  صفحہ ہم دونوں  میں سے کون لکھ رہا ہے۔

Recommended Posts

Leave a Comment

Jaeza

We're not around right now. But you can send us an email and we'll get back to you, asap.

Start typing and press Enter to search