بانسوں کے جھنڈ میں ۔ ریونسوکی اکوتاگاوا (ترجمہ: عاصم بخشی)

 In افسانہ, ترجمہ

مصنف  کا تعارف:

ریونسوکی  اکوتاگاوا (۱۸۹۲  تا  ۱۹۲۷)بیسویں صدی کے اوائل کے ان  معدودے  چند  کہانی کاروں میں سے ہے جنہوں نے معاصر اور کلاسیکی مغربی ادب کا مطالعہ کیا اور جاپانی ادب میں نادر ترین تجربات کئے۔ اس کی کہانیوں میں جاپانی دیومالا، طنزیہ پیرائے اور جدید  ثقافتی رجحانات کا ملا جلا  رجحان ہے جس کی وجہ سے کئی کہانیاں ایک نیم طلسماتی سی فضا لئے ہوئے ہیں۔ اکوتاگاوا نے اپنی مختصر سی زندگی میں  تقریباً ڈیڑھ سو سے زیادہ چھوٹی بڑی کہانیاں لکھیں  جن میں زیادہ تر جاپانی ادب میں ایک جدید سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہیں۔اس کی کہانیوں میں اس کی اپنی زندگی  کی نیم خوابی حیثیت اور دیوانگی   بہت آسانی سے نظر آتی ہے۔ اکوتاگاوا نے سینتیس سال کی عمر میں خود کشی کر لی کیوں کہ اس کا خیال تھا  کہ اس کی ماں کا پاگل پن اس کو بھی جینیاتی طور پر  منتقل ہوا ہے اور اسے  مکمل طور پر دیوانہ کر کے ہی چھوڑے گا۔ ہم یہاں  اکوتاگاوا  کی سب سے مشہور کہانی  Into-the-Bamboo-Grove کا ترجمہ پیش کر رہے ہیں جس کے اسکرپٹ کو مشہور ہدایتکار  اکیرا کوروساوا نے اپنی فلم  (Rashomon (1950 کے لئے استعمال کیا۔

 ***

 لکڑہارے کا  عدالتی بیان

یہ سچ ہے جناب عالی۔ یہ لاش  مجھے ہی ملی تھی۔ میں روز کی طرح آج بھی اپنی جھونپڑی کے پچھواڑے  صنوبر کے درختوں سے لکڑی لانے گیا تھا۔ لاش  پہاڑی کی دوسری طرف بانسوں کے جھنڈ میں پڑی تھی۔ ٹھیک ٹھیک مقام؟  بس  یاماشینا  چوکی  کی سڑک سے یہی  کوئی سو گز دور ہو گی۔ بیابان سی جگہ جہاں بانس کے ساتھ کچھ  پستہ قد صنوبر بھی اُگ آئے ہیں۔

زرد مائل نیلی عبا میں  ملبوس وہ آدمی کمر کے بل پڑا تھا، آستینیں چڑھی ہوئی تھیں اور سر پر کیوٹو  طرز کی  واضح  چُنٹ والا سیاہ  ہیٹ  اب تک موجود تھا۔ گھاؤ  کا ایک ہی نشان تھا لیکن ٹھیک سینے کے بیچ ، جسم کے ارد گرد موجود  بانس کے پتے سیاہی مائل  سرخ خون  سے تر تھے۔ نہیں نہیں،  خون رک چکا تھا۔ زخم خشک معلوم ہوتا تھا، مجھے یاد ہے  کہ ایک  گھڑ مکھی   وہاں  اس    سختی سے چپکی تھی  کہ اسے میرے قدموں کی آواز کا بھی پتہ نہ چلا۔

کیا میں نے کوئی تلوار وغیرہ دیکھی؟ نہیں جناب، ایسا  توکچھ نہیں۔  بس  لاش کے  بازو میں صنوبر کے قریب  ایک رسی کا ٹکڑا پڑا تھا۔ ارے ہاں، یاد آیا، وہاں ایک  کنگھی بھی تو  گری پڑی تھی۔ بس رسی کا ٹکڑا اور کنگھی۔ لیکن  زمین پر موجودبانس کے پتے اور جھاڑیاں  اچھے خاصے کچلے ہوئے نظر آتے تھے: اُس  نے اُن کے ہاتھوں قتل ہونے سے پہلے ضرور  زبردست لڑائی کی ہو گی۔ یہ کیسے ممکن ہے جناب؟ کوئی گھوڑا!  نہیں، گھوڑا   کبھی اس جگہ تک نہیں پہنچ سکتا۔ سڑک  اور اس جگہ کے بیچ  بانس ہی بانس ہیں۔

مسافر پادری کی گواہی

یقین سے کہتا ہوں جناب کہ میری کل اس آدمی سے مڈبھیڑ ہوئی تھی۔ سورج سوا نیزے پر تھا۔  یاماشیما کے راستے پرموجود پہاڑی چوکی  کے قریب وہ گھوڑے کی پیٹھ پر موجود ایک عورت کے ساتھ  چوکی کی جانب پیدل چلتا آ رہا تھا۔ عورت نے ایک اکڑا ہوا تنکوں  کا ہیٹ پہن رکھا تھا  جس کے کناروں سے ایک لمبا نقاب نیچے لٹک رہا تھا، میں اس کا چہرہ تو نہ دیکھ سکا  لیکن  عبا    اب تک ذہن میں ہے۔ یاد پڑتا ہے کہ  نیلی اور سبز  دھاریوں والا ایک گہرا سرخ ملبوس تھا۔ گھوڑا سرمئی  رنگ کا تھا، کہیں کہیں بھُورے  دھبے تھے، اور مجھے اچھی طرح یاد ہے کہ اس کی ایال تراشی ہوئی تھی۔ کیا  وہ اصیل  گھوڑا تھا؟  جناب،  یہی کہہ سکتا ہوں کہ  عام گھوڑوں سے  شاید کوئی ایک دو کمان دراز قد ہی ہو، لیکن میں  تو بہرحال ایک پادری ہوں۔ گھوڑوں کے بارے میں زیادہ  نہیں جانتا۔ آدمی؟  جناب اس کے پاس ایک  مناسب سی تلوار  تھی اور تیر کمان  سے لیس تھا۔ مجھے اب بھی اس کا سیاہ چمک دار ترکش یاد ہے۔ شاید درجن بھر یا اس سے کچھ زیادہ تیر ہوں گے ۔ میں خواب میں بھی نہیں سوچ سکتا تھا  کہ اس قسم  کے کسی آدمی  کے ساتھ  یہ سب کچھ ہو سکتا ہے۔ آہ، انسان  کی زندگی بھی کیا ہے، ایک قطرۂ شبنم، ایک بجلی   کی کوند؟ بہت افسوس ہوا، بہت بُرا۔ خیر کیا کہہ سکتا ہوں۔

کوتوال کا عدالتی بیان

میں نے جسے گرفتار کیا، جناب؟  مجھے یقین ہے  کہ وہ مشہور ڈاکو  تاجو مارو ہی ہے۔ جی یہ درست ہے  کہ میرے قابو میں آتے ہی وہ گھوڑے سے گر پڑا تھا اور اواٹاگوچی  والے پتھروں کے پُل پر  لیٹ کر آہ و زاری کر رہا تھا۔ وقت جناب؟ یہ  کل  شب کا پہلا پہر ہو گا۔ اُسی  گہری نیلی عبا    میں تھا اور  وہی لمبی تلوار تھام رکھی تھی  جب  پہلی بار میرے ہاتھ آتے آتے رہ گیا تھا۔ اب تو آپ جان ہی گئے ہیں کہ تیر کمان بھی  موجود تھے۔ اوہ، کیا ایسا ہی ہے جناب؟ مردہ شخص بھی ملا؟  بس پھر تو  قضیہ ہی نمٹ گیا۔ یقیناً  تاجومارو ہی  قاتل ہے۔  ایک چرمی کمان، سیاہ  روغن چڑھے  سترہ عقابی پروں والے تیر، ظاہر ہے مقتول ہی کے ہوں گے۔ اور ہاں  جناب ، جیسا کہ آپ نے ذکر  کیا، گھوڑا  سرمئی  اور بھورا  ہے، اور ایال تراشی گئی ہے۔ جانور کونسا ایسا عاقل ہے، لیکن اس نے اس اچکے کو وہی انعام دیا جس کا یہ حقدار تھا، زمین پر  اس طرح لا پٹخا۔ یہ بس پُل سے ذرا ہی دور باگیں  زمین پر گھسیٹتے ہوئے سڑک کے کنارے خود رو گھاس  چر  رہا تھا۔

کیوٹو  کے ارد گرد گھات لگائے تمام ڈاکوؤں میں  اس تاجومارو کی شہرت  نظر بازی  کی ہے۔ پچھلی پت جھڑ میں  توریبا  مندر کے  لوگوں کو بنزورو  کے مجسمے  کی عقبی پہاڑی  پر  پوجا کے لیے آئے ہوئے ایک عورت اور بچہ مردہ ملے۔ ہر زبان پر یہی بات تھی  کہ  ہو نہ ہو یہ تاجومارو کا کام ہے۔ اگر  ثابت ہو گیا کہ وہی  اس آدمی کا قاتل ہے  تو کون کہہ سکتا ہے کہ  اس نے گھوڑے پر سوار عورت کے ساتھ کیا کیا ہو گا۔ میں مخل  نہیں ہو رہا جناب، لیکن میرا  مشورہ یہی ہے کہ  آپ اس بارے میں ضرور پوچھ گچھ کریں۔

 کمرۂ عدالت میں بڑھیا کی  گواہی

جی جناب والا،  میری بیٹی اسی مردہ شخص سے بیاہی تھی۔ لیکن یہ دارالخلافہ کا نہیں بلکہ وکاسا کے   صوبائی  دفتر  سے منسلک ایک سامورائی تھا۔  نام  نازاوا   نو تاکی ہیرو ، عمر چھبیس سال۔ نہیں جناب ، یہ تو بہت  بھلا مانس شخص تھا۔ یقین نہیں آتا کہ کوئی  اس سے  نفرت کی اس حد تک  جا سکتا  ہے کہ جان ہی   لے ڈالے۔

میری بیٹی، جناب؟  اس کا نام ماساگو ہے، عمر انیس سال۔ وہ کسی بھی مرد جتنی دلیر ہے لیکن  اس نے تاکی ہیرو کے علاوہ کسی مرد سے جان پہچان نہیں بڑھائی۔  رنگ ذرا گندمی اور بائیں آنکھ کے کونے میں ایک تل ہے، لیکن چہرہ بالکل ننھا سا اور  خوبصورت  بیضوی نقش۔

تاکی ہیرو کل میری بیٹی کے ساتھ واکاسا  ہی کے لئے نکلا تھا لیکن نہ جانے قسمت اسے اس موڑ پر کیسے لے آئی؟  میں اب اپنے داماد کے لئے تو کچھ نہیں کر سکتی لیکن میری بیٹی  پر کیا بیتی؟  پریشانی سے دل ڈوبا جاتا ہے۔ آپ کو خدا کا واسطہ جناب، اسے تلاش کرنے کی کوشش کیجیے، چپہ چپہ چھان مارئیے ۔میرے دن شاید پورے ہونے ہی والے ہیں لیکن اتنی شدت سے زندگی میں کسی چیز کی خواہش نہیں کی۔  اُف، میں اس ڈاکو سے کتنی شدید نفرت کرتی ہوں، یہ ! یہ تاجو مارو! نہ صرف میرا داماد  بلکہ میری بیٹی بھی۔۔۔ (یہاں    بڑھیا  کا حوصلہ ٹوٹ  گیا، گلا رُندھ گیا   اور مزید بولنے کی سکت نہ رہی۔)

تاجومارو کا اعترافی بیان

یقیناً میں نے  اس آدمی کو قتل کیا۔ لیکن میں نے عورت  کی جان نہیں لی۔ تو پھر اسے آسمان کھا گیا یا زمین؟ میں  ہرگز  تم سے زیادہ نہیں جانتا۔ اب  ذرا ایک منٹ رک کر میری بات سنو—تم  مجھ پر  جتنا چاہے تشدد کرو لیکن میں تمہیں وہ سب  کچھ کیسے بتا سکتا ہوں جو  مجھے خود معلوم نہیں۔ اور اب جب میں تمہارے قابو میں ہوں، میں کچھ نہیں چھپاؤں گا۔ میں  ہرگزکوئی بزدل آدمی نہیں۔

میں کل اس جوڑے سے ملا۔ سہ پہر کے ذرا بعد۔ اس پر نظر پڑتے ہی  ہوا  کے جھونکے نے  نقاب کو الٹا دیا  اور میں نے  اس کی ایک جھلک دیکھ لی۔ بس ایک ذرا سی جھلک :شاید اسی لیے وہ مجھے اتنی خوبصورت لگی۔ عورت کیا تھی ، بس ایک گیانی بُدھستوا مورتی تھی۔ میں نے اسی لمحے فیصلہ کر لیا تھا کہ چاہے اُس مرد کو قتل ہی کیوں نہ کرنا  پڑ جائے، میں اس عورت کو حاصل کر کے رہوں گا۔

اوہ، تمہیں کیسے سمجھاؤں! کسی بندے کی جان لینا اب  ایسی بھی بڑی بات نہیں جتنا تم سمجھ بیٹھے ہو۔ اگر تمہیں کسی کی عورت  کو  حاصل کرنا ہے تو مرد کو تو  زندگی سے ہاتھ دھونا ہی ہوں گے۔ میں نے کسی کو مارنا ہو تو اپنی تلوار کا استعمال کرتا ہوں ، لیکن تم جیسے لوگ تلواریں استعمال نہیں کرتے۔ تم  شرفاء تو اپنی طاقت ، دولت اور کبھی کبھار  صرف الفاظ ہی سے جان لے لیتے ہو: لوگوں کو یہی باور کراتے ہو کہ ان پر احسان کر رہے ہو۔ یہ سچ ہے کہ خون کا ایک قطرہ تک نہیں بہتا، انسان  زندہ ہوتا ہے  لیکن جیتے جی مر جاتا ہے۔ نہ جانے کس کا گناہ بڑا ہے—میرا یا تمہارا۔ (لبوں پر ایک طنزیہ مسکراہٹ۔)

یقیناً ، اگر تم مرد کو قتل کیے بغیر عورت کو حاصل  کر سکو  تو کیا ہی اچھا ہے۔  کل میں یہی امید لگائے بیٹھا تھا۔ یاماشینا چوکی والی سڑک پر  تو یہ ناممکن ہوتا،  اس لیے میں نے اسے بہلا پھسلا کر پہاڑیوں کی طرف لانے کی ایک تدبیر کی۔

سب کچھ کافی آسان ثابت ہوا۔ میں نے انہیں سڑک پر جا لیا اور ایک کہانی  بنا ڈالی۔ یہی کہا کہ  مجھے پہاڑیوں میں ایک پرانا  مدفن ملا ہے  جو  تلواروں، آئینوں  اور دوسری اشیاءسے بھرا ہوا ہے۔ میں نے دوسروں سے چھپانے کی خاطر  پہاڑ کی دوسری جانب بانسوں کے جھنڈ میں  یہ سب کچھ دبا دیا ہے  اور  مناسب خریدار ہی کو  سستے داموں  فروخت کروں گا۔ وہ بہت جلد میرے دام میں پھنس گیا اور دلچسپی ظاہر کرنے لگا۔ کتنی  خوف ناک ہے یہ حقیقت کہ  لالچ  انسان کے ساتھ کیا کر سکتا ہے؟   میں ایک گھنٹے سے بھی کم  میں  ان دونوں  کوگھوڑے سمیت  پہاڑی راستے پر لے جا رہا تھا۔

جھنڈ میں پہنچے تو میں نے انہیں  بتایا کہ خزانہ یہیں دبا ہوا ہے اور وہ اندر آ کر میرے ساتھ اسے دیکھ سکتے ہیں۔ مرد تو اس وقت تک لالچ کے ہاتھوں اتنا  اندھا ہو چکا تھا  کہ انکار نہ کر سکا لیکن عورت نے یہی کہا کہ وہ باہر گھوڑے  کی پیٹھ پر  انتظار کرے گی۔ میرا یہی خیا ل تھا—جنگل بہت گھنا تھا۔ وہ میرے دام میں پھنس چکے تھے۔ ہم عورت کواکیلا چھوڑ کر  جھنڈ میں داخل ہو گئے۔

شروع میں تو بانس ہی بانس تھے۔ کوئی پچاس گز اندر صنوبر کا ایک کھلا جھنڈ تھا—میرے منصوبے کو عملی جامہ پہنانے  کے لئے بالکل مناسب جگہ ۔میں یہ بڑبڑاتے ہوئے  جھنڈ کے اندر داخل ہوتا چلا  گیا کہ خزانہ یہیں کسی درخت کے نیچے دفن ہے۔ یہ سنتے ہی مردتیزی سے  سامنے موجود کچھ  سوکھے ہوئے صنوبروں  کی طرف  بڑھا۔ یہاں بانس تقریباً ختم ہو چکے تھے اور درختوں کی ایک قطار تھی۔ وہاں پہنچتے ہی میں  نے اسے دبوچ کر نیچے گرا دیا۔ میں دیکھ سکتا تھا کہ وہ ایک مضبوط آدمی ہے اور تلوار تھامے ہے، لیکن  وہ حیران پریشان رہ گیا اور  کچھ نہ کر سکا۔ میں نے اسے  فوراً ایک درخت کے تنے سے باندھ دیا۔ مجھے رسی کہاں سے ملی؟ بھئی   آخر میں  ایک چور ہوں —مجھے کسی وقت بھی کوئی دیوار عبور کرنے کی ضرورت پیش آ سکتی ہے— لہٰذا رسی کا ایک ٹکڑا ہمیشہ میرے کمربند میں موجود ہوتا ہے۔ خاموش  رکھنے کے لیے میں نے اس کا  منہ بانس کے پتوں سے بھر دیا۔ بس   اتنا سا کام تھا ۔

مرد سے فارغ ہوتے ہی میں واپس عورت کے پاس پہنچا  اور اسے بتایا کہ اس کا شوہر اچانک بیمار ہو گیا ہے اور اسے فوراً اس کے پاس پہنچنا چاہیے۔ظاہر ہے کہ  یہ ایک اور تیر بہدف تھا۔ اس نے ہیٹ اتارا  اور میرا ہاتھ تھامے  جھنڈ میں  داخل ہونے لگی۔ لیکن جیسے ہی اس نے مرد کو درخت سے بندھے دیکھا، اپنے سینے سے فوراً ایک خنجر نکال لیا۔ میں نے کسی عورت میں اتنی آگ بھری نہیں دیکھی۔ چوکنا نہ ہوتا تو  چاقو میری آنتوں کے آر پار ہو چکا ہوتا۔ پھر وہ جس طرح وار کر رہی تھی، میرے بچاؤ کے باوجود مجھے  کوئی نہ کوئی زخم تو لگ ہی گیا ہوتا۔لیکن  میں بھی  تاجومارو ہوں۔ کسی نہ کسی طرح  میں نے اپنی تلوار نکالے بغیر  اس کے ہاتھ سے خنجر  چھین لیا۔ کوئی عورت جتنی بھی لڑاکا کیوں نہ ہو، ہتھیار کے بغیر  ناکارہ ہے۔ قصہ مختصر، میں اس کے بندے کی جان لیے بغیر عورت کو  اپنا بنانے میں کامیاب ہو گیا۔

ہاں  ہاں،  میں یہی کہہ رہا ہوں جو تم نے سنا: اس کے شوہر کی جان لیے بغیر۔  اتنا سب کچھ ہونے کے بعد اب میرا  اس کی جان بھی لے لینے کا کوئی منصوبہ نہیں تھا۔ عورت زمین پر  پڑی آنسو بہا رہی تھی ۔ میں اسے وہیں چھوڑ کر  جھنڈ سے نکل  بھاگنے والا تھا  کہ اچانک اس نے  عالمِ دیوانگی میں میرا بازو کھینچ لیا۔ میں نے سنا کہ وہ سسکیوں کے بیچ میں چیخ چیخ کر کچھ کہہ رہی تھی۔ اس کی سانسیں اکھڑی اکھڑی سی تھیں: ’’یا تو تم جان سے جاؤ گے یا میرا شوہر۔تم میں سے ایک کا مرنا ضروری ہے۔ یہ موت سے بھی بدتر ہے کہ دو مرد مجھے  بے حیا دیکھیں۔ تم ہو یا وہ، میں اسی کے ساتھ رہوں گی جو زندہ بچے۔ ‘‘ یہ سنتے ہی میرے  اندر  اس  کے شوہر کو قتل کرنے کی وحشت ناک خواہش انگڑائیاں لینے لگی۔ (پُرجوش کیفیت)۔

شاید تم سوچتے ہو گے کہ میں تم سے ظالم ہوں۔ لیکن تم نے اس کے چہرے کے وہ تاثرات نہیں دیکھے، خاص طور پر جس طرح اس کی آنکھیں حدت اگل رہی تھیں۔ اس کی نظروں کا مجھ سے ملنا تھا کہ میں اسے  بیوی کے طور پر اپنانے  کا فیصلہ کر چکا تھا۔ چاہے   آسمانی بجلی کا دیوتا میری جان ہی کیوں سلب نہ کرلے، میں اسے اپنی بیوی بنا کر رہوں گا، بس میرے ذہن میں یہی خیالات تھے۔  یہاں صرف  ہوس ہی نہیں تھی ۔ میں  جانتا ہوں تم لوگ کیا سوچ رہے ہو۔ اگر صرف ہوس کی بات ہوتی  تو وہ تو میں پہلے ہی پوری کر چکا تھا۔ بس اسے ایک لات رسید کرتا اور اپنا رستہ ناپتا۔ پھر  وہ  بندھا  ہوا آدمی  بھلا کیوں اپنے خون سے میری تلوار داغ دار کرتا!  لیکن  وہاں اس تاریک جھنڈ میں اُس لمحے جب میری نظریں اس کی نظروں سے ملیں ، میں جانتا تھا کہ میں اس کے مرد کو قتل کیے بغیر یہاں سے نہ نکل سکوں گا۔

لیکن پھر بھی  میں اس پر بزدلانہ وار نہ کرنا چاہتا تھا۔ میں نے اسے کھول دیا اور تلوار کے مقابلے کا چیلنج دیا۔ (وہ رسی کا ٹکڑا جو انہیں ملا میں نے اسی وقت وہاں پھینکا تھا۔) اپنی لمبی تلوار نکالتے وقت وہ  بہت غصے میں تھا، اور  کچھ کہے بغیر  مجھ پر چڑھ دوڑا۔  مجھے تمہیں  لڑائی کا انجام بتانے کی ضرورت نہیں۔ تئیسویں  وار پر میری     تلوار اس کا سینہ چیر تی ہوئی نکل گئی۔ تئیسویں سے پہلے نہیں: میں چاہتا ہوں تم یہ بات ذہن میں رکھو۔ میں اب بھی اس کا معترف ہوں۔ وہ واحد انسان ہے جو  تئیسویں وار تک  مجھ سے لڑتا رہا۔ (ایک تفاخرآمیز  مسکراہٹ۔)

اس کے گرتے ہی  میں نے اپنی خون آلود تلوار    نیچے کی اور عورت کی جانب مڑا۔ وہ غائب ہو چکی تھی! میں نے  صنوبر کے درختوں کے درمیان اسے تلاش کیا  لیکن زمین پر پڑے بانسوں کے پتوں سے یہی لگتا تھا کہ وہ کبھی یہاں نہیں آئی۔ اس کی آواز سننے کے لئے کان لگائے لیکن وہاں تو بس  اس آدمی  کی  موت کی ہچکیاں  ہی سنی جا سکتی تھیں۔

ممکن ہے وہ تلواروں کی لڑائی شروع ہوتے ہی   زیریں حصے کی جانب مدد  کی خاطر  بھاگی ہو۔ اس خیال نے میرے اندر خطرے کا احساس جگا دیا۔ میں نے اس آدمی کی تلوار   اور تیر کمان اٹھائے  اور سیدھا پہاڑی راستے کا قصد کیا۔ عورت کا گھوڑا اب بھی وہیں کھڑا گھاس چر رہا تھا۔ بعد کے مزید واقعات بس وقت کا ضیاع ہی ہیں۔ خیر اتنا کہے دیتا ہوں کہ  کیوٹو آنے سے پہلے میں اس کی تلوار سے جان چھڑا چکا تھا۔

تو یہ ہے میرا اعترافی بیان۔ میں ہمیشہ جانتا تھا کہ ایک دن میرا سر قید خانے  کے باہر  کسی درخت سے لپٹا ہو گا تو بس  میں اب اس حتمی سزا کا منتظر ہوں۔ (سرکشی کا مظاہرہ۔)

کیومیزو  کے مندر میں عورت کا پشیمانہ اعتراف

نیلی عبا میں ملبوس آدمی جب  میرے ساتھ اپنی ہوس پوری کر چکا ، تو میرے شوہر کی طرف متوجہ ہوا اور اسے باندھ کر مذاق اڑانے لگا۔ میرے شوہر کی کتنی بے عزتی ہوئی ہو گی! وہ پیچ وتاب کھاتے ہوئے  رسیوں میں کسمسا رہا تھا لیکن گرہیں اس کی کھال میں مزید دھنس رہی تھیں۔ میں لڑکھڑاتی ہوئی اس کی طرف بڑھی۔ نہیں، بلکہ میں نے اس کی جانب بڑھنے کی کوشش  ہی کی تو اُس آدمی نے اچانک مجھے ایک لات رسید کی۔ اسی لمحے  میں نے اپنے شوہر کی آنکھوں میں وہ ناقابلِ بیان  چمک دیکھی۔   وہ عجیب جذبہ  واقعی بیان سے ماورا ہے۔ اب بھی سوچ کر رونگٹے کھڑے ہو جاتے ہیں۔ میرے شوہر کی زبان گنگ تھی،  لیکن اس حالت میں بھی اس کی  آنکھیں  اس کے دل کا مدعا بیان کر رہی تھیں۔ میں نے جو چمک  دیکھی وہ  نہ تو غصہ تھا اور نہ ہی غم۔ یہ تو ایک  توہین آمیز سرد مہری تھی، میرے لئے  حقارت کا احساس۔ مجھے یہ اس ڈاکو  کی لات سے بھی زیادہ  کرب انگیز لگی۔ میں نے بس ایک چیخ ماری اور وہیں گر گئی۔

ہوش آیا تو نیلے لباس والا جا چکا تھا۔ جھنڈ میں اب صرف میرا شوہر ہی  تھا جو ابھی تک صنوبر کے درخت سے بندھا تھا۔ میں  بمشکل بانس کے مردہ پتوں   کے قالین  سے اٹھ کر اپنے شوہر کی آنکھوں میں دیکھنے کے قابل ہوئی۔ اس کی نگاہیں بالکل ویسی ہی تھیں، وہی  سردمہری  اور  نفرت و حقارت کے جذبات۔ میں کیسے وہ جذبات بیان کروں جو اس وقت مجھے مغلوب کیے دے رہے تھے؟ شرم و حیا۔۔۔غم۔۔۔غصہ۔۔۔بس میں ڈگمگاتے ہوئے اس کی جانب بڑھی۔

’’اوہ، میرے سرتاج! اب جب کہ اتنا کچھ ہو چکا ہے، میں تمہارے ساتھ مزید نہیں رہ سکتی۔ میں ابھی اور اسی وقت مرنے کے لئے تیار ہوں۔ لیکن تم—ہاں تمہیں بھی تو جان سے جانا ہو گا۔ تم نے میری بے حیائی کا مظاہرہ  دیکھا۔ میں اب تمہیں اس   منظر کی یادوں کے ساتھ اپنے پیچھے تو نہیں چھوڑ سکتی۔ ‘‘

میں وہ  سب کچھ کہنے کی کوشش کر رہی تھی  جو میں کہنا چاہتی تھی، لیکن میرا شوہر بس مجھے اسی حقارت سے تکے چلا جا رہاتھا۔ یوں لگا جیسے کسی بھی لمحے  میراسینہ شق ہو جائے گا ، لیکن اپنے جذبات پر قابو پاتے ہوئے  میں نے بانسوں کی جھنڈ میں اس کی تلوار کی تلاش شروع کی۔ یقیناً ڈاکو وہ اپنے  ساتھ لے گیا تھا کیوں کہ اس کا نام و نشان نہ  تھا، اور میرے شوہر کے تیر کمان  بھی غائب تھے۔ لیکن پھر مجھے خوش قسمتی سے پیروں میں گرا  خنجر مل گیا۔ میں نے وہ اپنے شوہر کی نگاہوں کے سامنے لہرایا اور ایک بار پھر اس سے گویا ہوئی۔

’’یہ اب اختتام ہے۔ سو اتنے اخلاق کا مظاہرہ تو کرو کہ مجھے اپنی جان لینے دو۔ میں بس تمہارے پیچھے پیچھے پہنچ رہی ہوں۔‘‘

یہ سنتے ہی آخر کار میرے شوہر کے ہونٹ ہلنے لگے۔ ظاہر ہے کہ اس کا منہ تو بانس کے پتوں سے بھرا ہواتھا اور کوئی آواز نہ  نکلتی تھی، لیکن میں فوراً سمجھ گئی کہ وہ کیا کہہ رہا ہے۔ اس نے ایک کامل حقارت سے بس اتنا ہی کہا کہ ’’کر گزرو۔‘‘ خواب اور حقیقت کی ملی جلی کیفیت میں  میرا چاقو اس کی زردی مائل نیلی عبا سے ہوتا ہوا سینے کے آر پار تھا۔

پھر میں دوبارہ بے ہوش ہو گئی۔ آخرکار آنکھ کھلی تو میرا شوہر   جو اب تک درخت سے بندھا تھا  اپنی آخری سانسیں لے چکا تھا۔ بانس اور صنوبر  سے چھن کر ایک روشنی کی شعاع اس کے خاکستری چہرے  پر چمک رہی تھی۔ اپنے آنسو  نگلتے ہوئے  میں نے گرہیں کھولیں اور رسی کو ایک طرف پھینک دیا۔ پھر—پھر اس کے بعد مجھے کیا ہوا؟  مجھے میں مزید سنانے کی طاقت نہیں۔ یہ تو ظاہر ہے کہ میں  خود کشی میں ناکام ہو گئی۔ اپنے حلق پر وار کرنا چاہا۔ پہاڑ کے دامن میں موجود ایک تالاب میں ڈوبنے کی نیت سے چھلانگ لگائی۔ کہیں کامیابی نہ ہوئی۔ میں اب بھی یہیں ہوں، اور خودکشی  میں ناکامی پر مجھے کوئی فخر نہیں۔(ایک اداس مسکراہٹ۔) شاید ہمدردی کا بدھستوا  کانزیون  بھی مجھے کمزور سمجھ کر نظریں پھیر چکا ہے۔ لیکن اب—اب  جب کہ میں  اپنے شوہر کا قتل کر چکی ہوں اور  ایک ڈاکو کے ہاتھوں اپنی عزت لٹا بیٹھی ہوں، تو مجھے کیا کرنا چاہیے؟ مجھے بتاؤ میں کیا۔۔۔۔(اچانک  شدید  سسکیاں۔)

ایک مؤکل کے وسیلے سے مردہ آدمی کی روح  کی گواہی

جب  وہ ڈاکو میری بیوی  سے اپنی ہوس کی آگ بجھا چکا  تو وہیں زمین پر بیٹھ کر اسے تسلیاں دینے لگا۔ میں کیا کہہ سکتا تھا   کہ ظاہر ہے صنوبر کے درخت سے بندھا ہوا تھا۔ لیکن  آنکھوں ہی آنکھوں سے اپنی بیوی کو یہ بتانے کی کوشش کرتا رہا کہ’’اس  کی کسی بات کا یقین نہ کرو۔ یہ کچھ بھی کہے جھوٹ ہی ہوگا۔‘‘میں نے   اسے اپنی بات سمجھانے کی بہت کوشش کی  لیکن وہ وہیں بانس کے پتوں میں  سمٹی سکڑی  اپنے گھٹنوں کو گھورے چلی جا رہی تھی۔ اور سچ کہوں تو  مجھے واضح  طور پر محسوس ہو رہا تھا کہ وہ  اس کی بات سن رہی ہے۔ میں رقابت کی آگ میں جل رہا تھا  لیکن ڈاکو ایک کے  بعد ایک  جال بچھا رہا تھا۔ ’’ اب جب کے تم  داغ دار ہو چکی ہو، تم اور تمہارا شوہر  پہلے کی طرح زندگی نہیں گزار سکیں گے۔ اس سے علیحدگی اختیار کر لو— آؤ اور میری بیوی بن جاؤ! میں تمہاری محبت کی وحشت میں اپنے ہوش کھو بیٹھا تھا۔ ‘‘ ڈاکو  کی جرأت دیکھیے کہ اس سے  کس لہجے میں  کیا  بات کر رہا تھا!

جب میری بیوی  نے اس کی جانب سر اٹھایا  تو وہ  مکمل طور پر سحر میں گرفتار محسوس ہوتی تھی۔ میں نے اسے اس  لمحے سے زیادہ خوبصورت کبھی نہ دیکھا تھا۔ تمہارے خیال میں میری خوبصورت بیوی نے  میری موجودگی میں ڈاکو کو کیا کہا ہو گا— اپنے اس شوہر کی موجودگی میں جس کے ہاتھ پیر بندھے ہوئے تھے؟  میری روح  شاید اب ایک جہان سے دوسرے میں  بھٹک  رہی ہے، لیکن  جب بھی مجھے اس کا جواب یاد آتا ہے تو میرے   اندر ایک غیظ و غضب کی آگ بھڑکتی ہے۔’’ٹھیک ہے،‘‘ اس نے کہا،’’تم جہاں چاہتے ہو مجھے لے جاؤ۔‘‘ (طویل خاموشی۔)

لیکن یہ  اس کاواحد جرم نہیں جو اس نے میرے خلاف کیا۔ اگر  بات  یہیں تک رہتی تو میں اب تک ان اندھیروں میں نہ بھٹک رہا ہوتا۔ اس کا ہاتھ تھامے وہ  جیسے کسی خواب میں بانسوں کے جھنڈ سے نکل رہی تھی ، جب اچانک اس کے چہرے کا رنگ اڑ گیا  اور وہ  میری طرف اشارہ کر کے چلّائی۔ ’’اسے مار ڈالو! جب تک یہ زندہ ہے  میں تمہاری نہیں ہو سکتی!‘‘ وہ دیوانگی کے عالم میں چیخ چیخ کر بار بار ایک ہی بات کیے چلے جا رہی تھی،’’اسے مار ڈالو!‘‘

اب بھی  اس کے الفاظ کسی  طوفانی جھکڑ کی طرح مجھے  اتھاہ گہرائیوں کی جانب دھکیل رہے ہیں۔ کیا کسی انسان کے منہ سے اس سے زیادہ نفرت آمیز الفاظ ادا ہوئے ہیں؟  کیا کسی انسان کے کانوں تک ایسے  لعین الفاظ  کی رسائی ہوئی ہے؟ کیا کبھی — (ایک دیوانہ وار طنزیہ قہقہہ۔) یہاں تک کہ ڈاکو  کا چہرہ بھی یہ سن کر زرد پڑ گیا۔ وہ اس کے بازو سے چمٹے ہوئے ایک بار پھر چلّائی، ’’اسے مار ڈالو!‘‘ ڈاکو نے اس کی جانب گھور کر دیکھا، وہ نہ تو یہ کہہ رہا تھا  کہ مجھے مار ڈالے گا اور نہ ہی انکار کر رہا تھا۔ اگلے ہی لمحے اس نے میری بیوی کو ایک لات رسید کی  اور وہ  اچھل کر  بانس کے پتوں  پر جا گری۔(طنزیہ قہقہوں کی ایک اور بوچھاڑ)  ڈاکو  خاموشی سے میری طرف مڑا ۔

’’تم کیا چاہتے ہو کہ میں اس کے ساتھ کیا کروں؟‘‘ اس نے پوچھا۔ ’’اسے مار ڈالوں یا جانے دوں؟  صرف سر ہلا کر ہی جواب دے دو۔ مار دوں؟‘‘ اگر اور کچھ نہ بھی ہو تو میں اس بات کے لئے ڈاکو کے گناہ معاف کرنے کے لئے تیار ہوں۔ (ایک اور طویل  سکوت۔)

ابھی میں  جواب دیتے ہوئے ہچکچا ہی رہا تھا کہ میری بیوی نے ایک چیخ ماری اور  بانس کے گھنے جنگل میں  گھس گئی۔ و ہ   سرعت سے اس کی جانب  لپکا لیکن  گمان یہی ہے  کہ وہ اس کی آستین تک پر ہاتھ نہ ڈال سکا۔ یہ سب کچھ بس پلک جھپکنے میں ہی ہو گیا۔

میری بیوی کے فرار ہوتے  ہی  ڈاکو نے میری تلوار اور ترکش اٹھایا اور رسیوں کو ایک جگہ سے کاٹ دیا۔ ’’اب بھاگنے کی باری میری ہے،‘‘ میں نے اسے بڑبڑاتے سنا جب  وہ  جنگل میں غائب ہو رہا تھا۔ سارے میں ہُو کا عالم تھا۔ نہیں— شاید کسی کے رونے کی آواز آ رہی تھی ۔ میں  آواز پر کان لگائے خود کو کھولنے کی کوشش کر رہا تھا کہ  مجھے پتہ چل  گیا کہ وہ کون تھا— مجھے معلوم ہوا کہ وہ میری ہی آواز تھی۔ (ایک اور طویل سکوت۔)

آخر کار میں  تھکا ہارا   درخت کے نیچے سے اٹھ کھڑا ہوا۔ میرے سامنے وہ خنجر گرا پڑا تھا جو میری بیوی نے پھینکا تھا۔ میں نے وہ اٹھایا اور اپنے سینے میں گھونپ لیا۔ خون کا ایک فوارہ ابل  کر میرے منہ پر  آن پڑا ، لیکن رتی برابر درد محسوس نہ ہوا ۔سینہ سرد پڑتا گیا اور ہر طرف سکوت چھا گیا۔ کیا کامل سکوت تھا! پہاڑ کے  نادیدہ  کنارے  سے  ایک پرندہ بھی نہیں ابھرا جو جھنڈ کے اوپر  موجود آسمان پر گیت بکھیرتا۔ سورج کی تنہا چمک  صنوبر اور بانس کی بلند شاخوں میں  لڑکھڑاتی پھر رہی تھی۔ لیکن  بتدریج  سورج کی چمک دھندلانے لگی اور ساتھ ہی صنوبر اور بانس بھی منظر سے غائب ہونے لگے۔ میں  گہرے سکوت میں لپٹا وہیں پڑا تھا۔

اچانک قدموں کی مدھم آواز  سنائی دینے لگی۔ میں نے دیکھنے کی کوشش کی لیکن  چاروں طرف سے اندھیرا مجھے گھیرے میں لے رہا تھا۔ پھر کسی نادیدہ ہاتھ نے آہستگی سے  خنجر  میرے سینے سے   باہر کھینچ لیا۔ ایک بار پھر میرا منہ خون  سے بھر گیا لیکن پھر  میں  زندگیوں کے درمیان موجود  اندھیروں میں ڈوبتا ہی چلا گیا۔

 

Recommended Posts
Comments
  • عثمان سہیل
    جواب دیں

    بہت اعلی کہانی ہے۔ انسانی نفسیات کی گرہ کشائی بہت عمدہ طریقے سے کی گئی ہے۔

Leave a Comment

Jaeza

We're not around right now. But you can send us an email and we'll get back to you, asap.

Start typing and press Enter to search