ژونگ بنام جیمز جوائس (ترجمہ: شفتین نصیر)
نوٹ: ماہر نفسیات کارل گستاؤ ژونگ(C. G. Jung) نے جیمز جوائس کے ناول یولیسس سے متعلق اپنے تاثرات کو ایک مضمون کی صورت میں قلم بند کر نے کے بعد مسودے سمیت ایک خط جوائس کو بھیجا جس کا ترجمہ پیشِ خدمت ہے۔ اس خط کا انگریزی متن ، کلیاتِ ژونگ کی پندرھویں جلد صفحہ نمبر 171تا 172 پر دستیاب ہے۔
محترم جناب ،
آپ کے تصنیف کردہ ناول یولیسس (Ulysses) نے دنیا بھر کے سامنے ایک ایسے دردناک نفسیاتی مسئلے کو پیش کیا ہے کہ مجھ سے نفسیاتی مسائل کے ضمن میں ایک ممکنہ ماہر نفسیات کی حیثیت سے بارہا رابطہ ہوا ہے۔
یولیسس کی پڑھت ایک انتہائی مشکل امر ثابت ہوئی جس نے میرے ذہن کو ، نہ صرف خوب رگیدا بلکہ (ایک سائنس دان کے زاویہ نگاہ کے مطابق ) غیرضروری طور پر اِدھراُدھر بھٹکایا۔آپ کی کتاب میرے واسطے کلیتاً لوہے کا چنا ثابت ہوئی اور ایک قاری کی حیثیت سے اس کتاب کو کھولنے میں مجھے تقریباً تین برس کی مستقل جدوجہد سے گزرنا پڑا ۔تاہم مجھے آپ کو یہ بات لازماً بتانی چاہیے کہ میں آپ کا اور آپ کے عظیم فن پارے کا نہایت گہرائی سے ممنون ہوں کیونکہ مجھے اس سے بہت کچھ سیکھنے کو ملا ۔ مجھے اندیشہ ہے کہ میں اس بات کا دعوی کبھی نہیں کر پاؤں گا کہ میں اس کتاب کی پڑھت سے لطف اندوز ہوا ، کیونکہ اس کے واسطے ذہانت اور بے پناہ ذہنی مشقت درکار تھی ۔ اس بات سے بھی انجان ہوں کہ آپ یولیسس پہ لکھے ہوئے میرے مضمون سے لطف اندوز ہوں گے یا نہیں ، کیونکہ دنیا کو یہ بات بتانے سے میں خود کو نہیں روک سکا کہ اس پڑھت کے دوران میں نے کس قدر بیزاری کا سامنا کیا ، چیخا چلایا ،برا بھلا کہا اور تعریف کی ۔ چالیس صفحوں کی لگاتا ر بھاگ دوڑ کا نتیجہ ، درحقیقت کھرے نفسیاتی ثمرات کی صورت میں سامنے موجود ہے ۔ میں سمجھتا ہوں کہ میری بہ نسبت شیطان کی پڑنانی ، عورت کی اصل نفسیات سے زیادہ آگاہ ہے ۔
خیر میں آپ کو تجویز دینے کی کوشش کرتا ہوں کہ میرے مختصر مضمون کو ملاحظہ کیجیے یعنی ایک مکمل اجنبی شخص کی جانب سے ہونے والی ایک دلچسپ کاوش، جو آپ کے ناول یولیسس کی بھول بھلیوں میں بھٹکا اور شومئ قسمت سے بچ نکلا۔ میری تحریر سے آپ کو ان تمام احوال سے آگاہی مل جائے گی کہ ممکنہ طور پر ایک متوازن ماہر نفسیات پہ یولیسس نے کیا اثرات مرتب کیے ہیں ۔
جناب ِ محترم ، اپنے دل کی تمام تر گہرائیوں کے ساتھ
آپ کا وفادار
کارل گستاؤ ژونگ