شدّتِ درد میں ہونٹوں پہ دُعا کا ہونا – انور مسعود

 In غزل

شدّتِ درد میں ہونٹوں پہ دُعا کا ہونا

ثابت اِس سے بھی تو ہوتا ہے خدا کا ہونا

 

آنے والے کسی طوفاں کی خبر دیتا ہے

قریے قریے میں تصادم کی فضا کا ہونا

 

جانے کیا رنگ دکھاۓ گا یہ وحشی موسم

اِس قدر شور دریچوں میں ہوا کا ہونا!

 

اب تو بارود کا اک ڈھیر بنی ہے دنیا

اب تو باقی ہے فقط ایک دھماکہ ہونا

 

حسنِ نیّت نہ میّسر ہو تو انورؔ صاحب

ہے خطرناک بہت ذہنِ رسا کا ہونا

 

 

ماخذ : فنون

سنِ اشاعت : ۱۹۹۱

مدیر: احمد ندیم قاسمی

Recommended Posts

Leave a Comment

Jaeza

We're not around right now. But you can send us an email and we'll get back to you, asap.

Start typing and press Enter to search