رہے مکاں نہ سفر میں کوئی مکیں دیکھا – افتخار نسیم
رہے مکاں نہ سفر میں کوئی مکیں دیکھا
جہاں پہ چھوڑ گۓ تھے اُسے وہیں دیکھا
فشارِ خوں کی طرح گھٹتا بڑھتا رہتا ہے
جڑا ہوا یہ فلک میں عجب نگیں دیکھا
کٹی ہے عُمر کسی آب دوز کشتی میں
سفر تمام ہوا اور کچھ نہیں دیکھا
کھِلا ہے پھول کوئی تو اُجاڑ بستی میں
مکانِ دل میں کہیں تو کوئی کمیں دیکھا
یہ اور بات کے وہ دل کو بھا گیا ہے نسیمؔ
وگرنہ خواب تو ہم نے بہت حسیں دیکھا
ماخذ : اوراق
سنِ اشاعت :۱۹۹۳
مدیران: وزیرآغا، سجّادنقوی
Recommended Posts