ہمارا قومی اینکر کون ہے؟ ابوبکر
یار یہ قومی شاعر ہی کیوں ہوتا ہے؟ قومی افسانہ نگار، قومی ناول نویس، قومی رقاص، قومی ایتھلیٹ وغیرہ کیوں نہیں ہوتے؟ کیا صرف شاعر ہی قوم کے اجتماعی لاشعور تک رسائی رکھتا ہے کہ اسے یہ مقام دیا جائے؟ قدیم دور میں درباری شاعر ضرور ہوتے تھے لیکن ساتھ ہی ساتھ درباری نجومی بھی تو ہوتے تھے۔ اگر وہی رسم چل رہی ہے تو پھر ہمارا قومی نجومی کون ہے؟ کچھ اقوام میں شاعر لشکروں کے ساتھ جاتے تھے اور رجز گا گا کر سپاہیوں کا جی گرماتے تھے۔ آج کل ٹروپس کے ساتھ شاعر تو نہیں جاتے البتہ جنگی صحافی ضرور جاتے ہیں جن کی رپورٹنگ سے اینکرز قوم کا لہو گرم رکھتے ہیں۔ تو ہمارا قومی اینکر کون ہے؟ لیکن کیا قومیں ہمیشہ لشکروں، لڑائیوں اور اپنے دشمنوں سے ہی پہچانی جائیں گی؟ اگر ایسا نہیں ہے تو قومی شے تو وہ ہوئی جو داخلی طور پر کسی گروہ کو آپس میں جوڑے رکھتی ہے۔ اس لحاظ سے ٹرک آرٹ بھی قومی طرز کی شے ہے نیز ’’کتے کا بچہ پیشاب کررہا ہے‘‘ قومی اطلاع ہوئی۔ اسی طرح قومی حلوائی، قومی حکیم، قومی نان فروش، قومی بلاگر، قومی حرامخور وغیرہ وغیرہ-