لاپتہ بیٹوں کی ماؤں کے نام ۔ رفعت اقبال
کٹھن، بے کیف،پھیکے دن کے سائے
ڈھلنے لگتے ہیں
تو بوڑھی ماں
ہرے آنگن کے کونے میں
مُصلے کو بچھاتی ہے
ثنا کے بعد زیرِلب
دعا کا ورد کرتی ہے
مرے چھوٹے سے کچّے گھرکے دروازےپر آ کے
راہ تکتی ہے
پرانی، ملگجی چادر کے پلّو سے
وہ اپنی خواب سے محروم آنکھوں کی نمی کو صاف کرتی ہے
گلی کے موڑ سے آتے ہوئے سائے کو تکتی ہے
مگر وہ میں نہیں ہوتا
ماخذ: نظموں کا در کُھلتا ہے
انتخاب: نعمان فاروق
Recommended Posts